
خبررساں ایجنسی شبستان کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی یونیورسٹی کے صدر محمد فیاض نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت ٹل، پارا چنار شاہراہ کو دہشت گردوں سے خالی کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور گزشتہ تین برسوں سے کرم ایجنسی کے لاکھوں مسلمان پاکستانی نام نہاد طالبان اور امریکی ایجنٹوں کے محاصرے میں ہیں مگر حکومت کسی قسم کے اقدامات کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے۔
محمد فیاض نے کہا کہ جو حکومت ایک شاہراہ کو آزاد نہیں کرا سکتی اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کرم ایجنسی کے عوام کیلئے اشیائے خوردو نوش لے کر سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں جانے والے ٹرک ڈرائیوروں کو اغوا کر کے ان کے سر قلم کر دیئے گئے تھے مگر دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی گئی جو لمحہ فکریہ ہے۔
واضح رہے کہ کرم ایجنسی کے علاقے پر امن شہری پچھلے تین برسوں سے طالبان کے محاصرے میں ہیں جنکا کہنا ہے کہ حکومت اور مقامی انتظامیہ نے اس علاقے میں دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔